ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’ہمیں متحد ہو کر محبت کی دکان کو بلند رکھنا ہوگا‘، پرینکا گاندھی نے ملک میں بڑھتی فرقہ واریت پر کیا حملہ

’ہمیں متحد ہو کر محبت کی دکان کو بلند رکھنا ہوگا‘، پرینکا گاندھی نے ملک میں بڑھتی فرقہ واریت پر کیا حملہ

Thu, 03 Aug 2023 12:55:22    S.O. News Service

نئی دہلی، 3/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) گزشتہ کچھ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں فرقہ واریت پر مبنی کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔ ان واقعات پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج بذریعہ ٹوئٹ شدید حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ "آج ہریانہ کے میوات میں، چلتی ٹرین میں اور ملک کے کئی مقامات پر امن چین بگڑا ہوا ہے۔ یہ شرمناک ہے اور یہ قابل مذمت حالت 'پھوٹ ڈالو-راج کرو' کی سیاست کا نتیجہ ہے۔ ایسی سیاست آپ کے ایشوز، آپ کے روزگار و ترقی کی سب سے بڑی دشمن ہے۔"

اپنے ٹوئٹ میں پرینکا گاندھی نے ہریانہ کی کسان بہنوں سے کچھ دن قبل ہوئی ملاقات کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے لکھا کہ "کچھ دنوں قبل ہریانہ سے آئی کسان بہنوں سے مہنگائی، کھیتی-کسانی، 4 سال کی فوج کی ملازمت جیسی تمام زمینی مسائل و ایشوز کے بارے میں باتیں ہوئیں۔ آج ہریانہ کے میوات میں، چلتی ٹرین میں اور ملک کے کئی مقامات پر امن چین بگڑا ہوا ہے۔"

پرینکا گاندھی ٹوئٹ میں یہ بھی لکھتی ہیں کہ "لوگوں کے درمیان ذات، مذہب اور نفرت کی دیوار کھڑی کرنے والی طاقتیں دراصل آپ کے ایشوز کو دبانے کا کام کر رہی ہیں۔ ہمیں متحد ہو کر اس کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی اور محبت کی دکان کو بلند رکھنا ہوگا۔ ترقی کا راستہ امن اور میل جول سے ہی بنے گا۔"


Share: